ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور علاقہ میں ایک مرتبہ پھر سے خواتین ہسپتال میں حاملہ خاتون کے اہل خانہ سے ڈلیوری کے دوران رقم طلب کی گئی۔ اہل خانہ نے سی ایم او سے اس کی شکایت کر دی ہے جس کی وجہ سے خاتون کو ہسپتال سے ڈسچارج نہیں کیا جارہا ہے۔
اس دوران خاتون کا الزام ہے کہ اسے ہسپتال میں کھانا نہیں دیا جا رہا ہے اور اس معاملے میں ڈاکٹرز خاتون کے اہل خانہ پر دباؤ بنا رہے ہیں۔ اس دوران متعلقہ افسر نے اس معاملے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق ضلع سہارنپور کے خواتین ہسپتال میں تعینات وارڈ انچارج آیا ڈاکٹر پر حاملہ خاتون کے اہل خانہ سے 10 ہزار روپے مانگنے کا الزام ہے۔ رقم نا دینے پر ان کے ساتھ گالی گلوچ بھی کی گئی۔ خاتون کے اہل خانہ نے سی ایم او کو شکایتی مکتوب دے کر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔