سلطان پور: ریاست اترپردیش کے ضلع مئو کے سابق رکن اسمبلی مختار انصاری کی مدد کرنے کے معاملے میں سلطان پور میں تعینات جیلر وریندر کمار ورما کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ سلطان پور جیل میں تعینات جیلر وریندر کمار ورما کو جمعرات کو معطل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وریندر کمار ورما پر باندہ جیل میں تعیناتی کے دوران الزام لگایا گیا تھا کہ وہ مختار انصاری کی مدد کر رہے تھے۔ ڈی آئی جی جیل پریاگ راج نے معاملے کی جانچ کرائی اور اس جانچ کی رپورٹ کی بنیاد پر ریاستی حکومت نے جیلر وریندر ورما کو معطل کر دیا۔ جیلر وریندر ورما پر الزام ہے کہ انہوں نے جیل میں ڈیوٹی کے دوران لوگوں کو مختار انصاری سے ملاقات کروائی تھا اور مختار انصاری کے لوگوں کا دیا ہوا سامان ان تک پہنچایا کرتے تھے۔
ساتھ ہی مختار انصاری کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ مختار انصاری اور ان کے ساتھیوں کو بدھ کے روز بارہ بنکی کی ایم پی-ایم ایل اے عدالت میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت درج کیس میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں گواہی کے دوران مختار انصاری ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ساری کارروائی دیکھ رہے تھے۔ سابق رکن اسمبلی مختار انصاری اپریل 2021 سے باندہ جیل میں قید ہے۔