ریاست اتر پردیش کے علی گڑھ کی تاریخی جامع مسجد سمیت دیگر مساجد میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی نماز حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ادا کی گئی۔
رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے روز ضلع علی گڑھ کی مساجد میں رونق دیکھنے کو نہیں ملی، حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ہی مساجد میں نماز ادا کی گئی۔ جمعہ کی اذان کے بعد سے ہی کچھ مساجد میں تالے نظر آئے تو کچھ مساجد میں لوگوں کو اندر داخل ہونے سے منع کر دیا گیا۔
لوگوں سے اپیل کی گئی کہ اپنے اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔ ضلع علی گڑھ شہر کے علاقے میں موجود تاریخی جامع مسجد جہاں رمضان المبارک کے مہینے میں خاصی تعداد میں لوگ مسجد کے باہر بھی بازاروں اور سڑکوں پر نماز ادا کرتے نظر آتے تھے وہاں آج مسجد کے اندر کچھ ہی نمازی دیکھنے کو ملے۔