ریاست اتر پردیش کے نوئیڈا میں عام آدمی پارٹی Aam Admi Party نے پریاگ راج کے پھاپھا مئو میں دلت لڑکی کے ساتھ ہوئی اجتماعی جنسی زیادتی Phaphamau Rape Case اور اس کے اہل خانہ کے وحشیانہ قتل معاملے Phaphamau Murder Case میں یوگی حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔
اس واقعہ کو سماج کے غریب طبقہ کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کی تازہ ترین مثال قرار دیتے ہوئے عآپ نے نوئیڈا میں زبردست مظاہرہ کیا۔ مشتعل کارکنان نے یوگی حکومت پر ذات پات کی نفرت کے ساتھ کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے نعرے لگائے۔
پھاپھا مئو واقعہ میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے گورنر کو مخاطب ایک میمورنڈم ضلع مجسٹریٹ کو پیش کیا گیا، جس میں متاثرہ کے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنانے سمیت اس معاملے کی فاسٹ ٹریک کورٹ میں سماعت کا مطالبہ کیا گیا۔
احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے ضلع صدر بھوپیندر جدون نے کہا کہ یہ واقعہ آئین کے تحت سماج کے غریب طبقہ کو عزت کے ساتھ جینے کے حق کا قتل ہے۔ دو سال سے اہل خانہ پولیس سے اپنے ساتھ ہونے والے مظالم کی التجا کر رہے تھے لیکن یوگی حکومت کی پولیس نے ان کی ایک نہ سنی۔