اترپردیش کی یوگی حکومت پر کروڑوں روپیوں کی بدعنوانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
رامپور کے بریلی گیٹ پر واقع عام آدمی پارٹی کے ضلعی دفتر پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی نائب صدر فیصل خان لالا نے کہا کہ، 'اترپردیش میں زندگی بچانے والے میڈیکل آلات کی خرید میں کروڑوں روپیوں کی بدعنوانی کی گئی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ، 'بچوں کے وینٹی لیٹر سمیت تمام دیگر آلات خریدے جا رہے ہیں، لیکن خصوصی سکریٹری اور میڈیکل تعلیم کے ذریعہ جاری ایک عجیب و غریب حکم نامہ میں ان کی خرید کے لئے ٹینڈر یا بڈنگ کی اہمیت کرکے چہیتی کمپنیوں سے خرید کا اشارہ کیا گیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ، 'کووڈ کی دو لہروں نے ریاست کی عوام کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ لاکھوں لوگوں نے اپنوں کو کھو دیا ہے۔ لاکھوں لوگوں کے گھر برباد ہو گئے۔ ٹوٹتی ہوئی سانسوں کے درمیان آکسیجن، بیڈ اور علاج کے لئے ہر انسان ایک خوفناک احساسات سے ہوکر گزرا ہے۔'