نوئیڈا:ریاست اتر پردیش نوئیڈا کے میٹرو اسٹیشن خودکشی پوائنٹ بنتے جا رہے ہیں۔ ایک نوجوان نے گولف کورس میٹرو اسٹیشن پر میٹرو کے سامنے کود کر خودکشی کی تھی۔ دوسری جانب آج سیکٹر 34 میٹرو اسٹیشن پر ایک نوجوان نے میٹرو ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔ اپنی جان دینے والے نوجوان نے بیچلر آف انجینئرنگ کا کورس کیا تھا اور نوکری نہ ملنے پر بے چین تھا۔ میٹرو اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بار بار اپنی گھڑی کو چیک کر رہا تھا اور میٹرو اسٹیشن پر آتے ہی اس نے میٹرو ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔سیکٹر-24 کوتوالی پولیس کے مطابق، پرشانت دکشٹ (32 سال) ولد مہیندر ڈکشٹ گاؤں کھڑگپور تھانہ گیان پور ضلع بھدوہی اتر پردیش کا رہنے والا تھا جو نوئیڈا کے سیکٹر-74 میں واقع اجنارا سوسائٹی میں رہتا تھا۔
پرشانت نے سال 2017 میں ممبئی سے بیچلر آف انجینئرنگ کورس کیا تھا۔ وہ کافی عرصے سے نوکری کی تلاش میں پریشان تھا۔ آج بھی وہ نوکری کی تلاش میں گھر سے نکلا تھا۔ واپس آتے ہوئے سیکٹر 34 میٹرو سٹیشن پر ایک میٹرو سے اتر کر پلیٹ فارم پر کھڑے ہو کر دوسری میٹرو کا انتظار کرنے لگا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پرشانت کو پریشان نظر آرہا تھا اور وہ بار بار گھڑی کی طرف دیکھ رہا تھا۔