ریاست اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے تھانہ سٹی کوتوالی علاقے کے پریاگراج اجودھیا قومی شاہراہ پر منگل کی شام ایک پک اپ وین اور ڈمپر کے درمیان ٹکر ہوگئی ۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ پک اپ وین الٹ گئی جس کے سبب ایک خاتون کی موت ہوگئی اور 17 افراد زخمی ہوگئے۔
دو گاڑیوں کے درمیان ٹکر، ایک خاتون کی موت - پک اپ وین الٹ گئی
ضلع پرتاپ گڑھ میں پک اپ اور ڈمپر کی ٹکر ہو گئی جس میں ایک خاتون کی موت جبکہ 17 افراد زخمی ہو گئے۔
ایس ایچ او سریندر دیویدی نے بتایا کہ 'قصبہ کے چک پتیلی محلے کی مالتی (65)، تارا (45)، ننہکا (65)، انیتا (35) ، روپا(40) ، بھگوان دین (65) اور راجندر (35) وغیرہ 17 افراد ایک پک اپ گاڑی پر سوار ہو کر جھوسی پریگراج کسی شخص کی میعت میں شامل ہونے جا رہے تھے کہ پریاگراج اجودھیا قومی شاہراہ پر واقع راج گڑھ گاؤں کے نزدیک پک اپ کے ڈمپر سے ٹکرا کر الٹ جانے کے سبب سبھی لوگ زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مالتی کو مردہ قرار دیا۔ تقریباً نصف درجن افراد کی حالت نازک ہونے کے سبب انہیں ایس آر این پریاگراج ریفر کر دیا گیا۔ وہیں اس حادثہ میں معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا۔ مالتی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔