اتر پردیش میں ہورہی بارش سے کئی مکان زمیں دوز ہوگئے جب کہ درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے کئی علاقوں میں بجلی نظام متاثر ہوگیا۔ بارش سے ہونے والے حادثات میں کم سے کم پانچ افراد کی جانیں گئی ہیں جب کہ دیگر کئی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بارش کا سلسلہ کم سے کم اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کے امکانات کا اظہار کئے ہیں۔ بارش سے ساگ سبزیوں کو بھاری نقصان ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ حالانکہ خریف فصلوں کے لیے یہ بارش کافی مفید ہے۔
بارش کی وجہ سے ریاست کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت میں سات ڈگری سلسیس تک کی گراوٹ درج کی گئی ہے جب کہ اس دران حادثات میں جونپور میں چار اور پریاگ راج میں ایک شخص کے موت کی اطلاع ہے۔
لکھنؤ، کانپور، پریاگ راج، ایودھیا، بارہ بنکی اور کشی نگر سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔
ریاست کے کئی علاقوں میں اسکولوں میں رینی ڈے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ دفتر جانے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بازار بھی تاخیر سے کھلے لیکن زیادہ تر دوکاندار خریداروں کا انتظار کرتے نظر آئے۔
اس دوران لکھنؤ میں وزیر اعلی رہائش گاہ کے نزدیک پارک روڈ، سول اسپتال، نہری، ڈالی باغ، جیا مئو اور حضرت گنج سمیت کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ پارک روڈ پر گھٹنوں تک پانی بھرنے سے کئی گاڑیاں درمیان راستے میں ہی بند ہوگئیں۔ پانی جمع ہونے کی وجہ سے سول ہسپتال میں او پی ڈی خدمات کافی حد تک متاثر ہوئیں۔ سپرو مارگ پر درخت گرنے سے آمد و رفت میں روکاوٹ پیدا ہوئی۔
ایل ڈی اے کالونی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لکھنؤ کے سٹی کمشنر پانی بھر جانے کا جائزہ لینے سڑکوں پر نکلے لیکن یہ صرف روایتی ثابت ہوا جبکہ لکھنؤ کمشنریٹ نے لوگوں سے بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔ لوگوں سے گھروں میں رہنے اور بہت ضروری ہونے پر ہی باہر نکلنے کی اپیل کی جارہی ہے۔
بارش کی وجہ سے سڑک، ریل اور ہوائی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ اموسی ائیر پورٹ پر کئی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں وہیں ریل پٹریوں پر پانی بھرنے سے لکھنؤ۔جھانسی انٹرسٹی ایکسپریس کو مانک نگر ریلوے اسٹیشن سے کچھ دوری پر تقریباً ایک گھنٹے تک روکنا پڑا۔ اس کے علاوہ بارش کی وجہ سے وزیراعلی یوگی آدتیہ کا بارہ بنکی کا دورہ ملتوی کردیا گیا۔
جونپور سے موصول رپورٹ کے مطابق کئی کچے مکان زمین دوز ہوگئے جس کے ملبے میں دبنے سے ایک ہی کنبے کے 3 افراد سمیت چار لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔