لکھنؤ:عازمین حج کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات کے تحت حج 2023 کے لیے چالیسویں فلائٹ نمبر ایس وی 3741 261 عازمین حج کو لے کر آٹھ جون 2023 کو چوہدری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے مقررہ وقت صبح 8:00 بجے بحفاظت روانہ ہوئی۔ اس پرواز سے 136 مرد اور 125 خواتین روانہ ہوئے۔ سب سے زیادہ غازی پور ضلع سے 105، وارانسی سے 85 اور مرزا پور سے 35 عازمین حج گئے ہیں۔
اس فلائٹ میں تین خادم الحجاج محمد اعظم وارانسی، محمد اخلاق احمد مہاراج گنج اور محمد تبریز عباسی کانپور سے عازمین حج کی سہولت کے لیے گئے ہیں۔ لکھنؤ سے اب تک 11721 عازمین حج سعودی عرب کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ یہ اطلاع آج یہاں یوپی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سکریٹری/ایگزیکٹیو افسر ایس پی تیواری نے دی۔ کل 11864 عازمین دہلی سے گئے ہیں۔ اتر پردیش سے اب تک کل 23585 عازمین حج سعودی عرب کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔