ضلع پنچایت صدر کے انتخاب میں 17 امیدوار بلا مقابلہ جیت گئے ہیں۔ ان میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ ایٹاوا کی ایک سیٹ پر سماج وادی پارٹی کو بلا مقابلہ جیت ملی ہے۔
17 سیٹوں پر ملی جیت سے خوش بی جے پی
ضلع پنچایت صدر انتخابی نتائج کے رجحان کو دیکھ کر بی جے پی میں خوشی کی لہر ہے۔ پارٹی کے ریاستی دفتر پر الیکشن مینجمنٹ کی ٹیم پورے دن سرگرم رہی۔ اس دوران ہر ایک اضلاع سے رابطہ برقرار رکھا۔ الیکشن مینجمنٹ انچارج جے پی ایس راٹھور سمیت پوری ٹیم اضلاع سے رابطے میں رہی۔ ہر ضلع سے پل پل کی رپورٹ لی جا رہی تھی۔ اس کے ساتھ یوگی حکومت کے وزرا بھی اضلاع میں موجود تھے۔ پارٹی نے تنظیم کے عہدیداروں، اراکین پارلیمان اور اسمبلی کو بھی نامزدگی میں حاضر رہنے کے لیے کہا تھا۔ بی جے پی نے 60 سے 65 سیٹیں جیتنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ان اضلاع میں ملی بلا مقابلہ جیت
میرٹھ، غازی آباد، گوتم بدھ نگر، امروہہ، مراد آباد، آگرہ، اٹاوہ، للت پور، جھانسی، باندہ، چترکوٹ، شراوستی، بلرام پور، گونڈا، گورکھپور، مئو اور جونپور میں صرف ایک امیدوار میدان میں ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہے کہ ان اضلاع میں ضلع پنچایت صدر کا انتخاب بلامقابلہ ہوگیا ہے۔ ان میں سے اٹاوہ کو چھوڑ کر بقیہ تمام اضلاع میں بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے۔