ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے ناگفنی تھانہ علاقے میں گزشتہ روز میڈیکل ٹیم پر ہوئے حملے کے معاملے میں پولیس نے اب تک 17 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمین میں سات خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ساری رات گھروں کی تلاشی لی اور ملزمین کی نشاندہی ویڈوگرافی اور ڈرون کی ریکارڈنگ سے کی اور انہیں گرفتار کرلیا۔
گرفتار تمام ملزمین کے خلاف آئی پی سی کی مختلف شقوں کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس گھر سے فرار ہونے والے حملہ آوروں کی بھی تلاش کر رہی ہے، جو واقعے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ناگفنی تھانے علاقہ میں گزشتہ روز ڈاکٹرز اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے بعد پولیس اب ایکشن موڈ میں ہے۔ ڈرون سے لی گئی تصاویر، واقعے کی ویڈیو ریکارڈنگ کے بعد اب تک 17 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ میڈیکل ٹیم پر حملہ کرنے والی 7 خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے نباؤ پورہ کے علاقے کو سیل کردیا ہے۔