علی گڑھ:علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و ہسپتال کی آئی بینک کی جانب سے پندرہ روزہ پروگرام کے اختتام پر عطیہ دہندگان کے کنبوں، طلباء، طبی پیشہ ور افراد اور رضاکاروں کے انمول تعاون کا اعتراف کیا گیا۔
پروفیسر اے کے امیتاوا، صدر شعبہ امراض چشم نے عطیہ دہندگان کے کنبوں کا خیرمقدم کیا۔ان کے بے لوث تعاون کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ عطیہ دہندگان کے کنبوں کو ان کے غیر متزلزل حوصلہ اور سخاوت کے لئے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آنکھوں کے عطیہ کی بدولت قرنیہ ٹشو کا قیمتی تحفہ حاصل کرنے والے مریضوں نے تقریب میں شرکت کی اور عطیہ کرنے والے کنبوں کا شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن نے آئی بینک کی طرف سے کئے گئے قابل ستائش کاموں کے لئے ان کی تعریف کی اور مستقبل کی کوششوں کے لئے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔آئی بینک کے سابق انچارج ڈاکٹر ادیب عالم خان نے آئی بینک کے ارتقاء کے بارے میں بتایا، جس میں انھوں نے درپیش چیلنجز اور ہدف کے حصول کے لیے پختہ عزم برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
’دیہہ دان سنستھا‘ کے ڈاکٹر ایس کے گوڑ اور ڈاکٹر جینت شرما کی خدمات اور سی اے انل وارشنے کے تعاون کو سراہا گیا۔آئی بینک کے اسسٹنٹ انچارج ڈاکٹر ایم ثاقب نے ڈاکٹر سمین مرزا کے ساتھ آنکھوں کے عطیہ کے پندرہ روزہ پروگرام کے دوران ہونے والی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ جے این میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس طلباء کے تعاون کو خاص طور پر تسلیم کیا گیا، جنھوں نے آنکھوں کے عطیہ سے متعلق آگہی کو فروغ دینے کی انتھک کوششیں کیں۔