نوئیڈا :ریاست اتر پردیش کے نوئیڈا اسپتال میں حج پر جانے والے عازمین کی ویکسینیشن شروع ہو گئی ہے۔ پہلے دن یونائیٹڈ ڈسٹرکٹ ہسپتال سیکٹر 39 نوئیڈا میں 13 عازمین حج کو ٹیکے لگائے گئے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ امیون آفیسر، ڈاکٹر عبید قریشی، نے ویکسینیشن کے حوالہ سے کہا کہ ’’سبھی عازمین کے لیے سفر محمود پر روانہ ہونے سے قبل ویکسینیشن ضروری ہے تاکہ انفیکشن سمیت کئی بیماریوں سے بچا جا سکے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو ضلع سے جانے والے 246 عازمین حج کی فہرست موصول ہوئی ہے۔ اس میں پہلے دن 13 عازمین کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکٹر 39 نوئیڈا میں واقع یونائیٹڈ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں گراؤنڈ فلور پر کمرہ نمبر 37 میں عازمین حج کی ویکسینیشن کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
ضروری کاغذات ساتھ رکھنے کی ہدایت
ڈپٹی ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر نے سبھی عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ ویکسنیشن کے لیے اسپتال آتے وقت سبھی ضروری کاغذات ساتھ رکھیں۔ انہوں نے کہا: ’’کووڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ، حج کے لیے جاری کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ، تصویر، آدھار کارڈ اور حج کے ضروری دستاویزات ساتھ لائیں۔ دستاویز کی تکمیل کی وجہ سے نہ تو عازمین حج اور نہ ہی محکمہ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘