جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں آج لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک غیر سرکاری تنظیم ' جیو اور جینے دو' نے شجرکاری مہم شروع کی۔ اس مہم کے تحت پردھان طارق شاہ نے ادھم پور کے قریب بلن باولی میں کئی قسم کے پودے لگائے۔ اس موقع پر چھوٹی بچیوں اور این جی او کے دیگر ممبران نے بھی پودے لگائے۔
پروگرام کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے تنظیم کے سربراہ طارق شاہ نے کہا کہ ماحولیات کی حفاظت کے لیے شجرکاری ایک بہترین طریقہ ہے۔ آج لڑکیوں کا عالمی دن ہے، لہذا آج بلن باولی میں بچیوں کے ذریعہ پودے لگائے گئے۔ آج کے دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے پودے لگاکر بچیوں اور درختوں کی حفاظت کرنے کا پیغام دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ ہر خاندان خوشی اور محبت کے ساتھ بچیوں کا استقبال کریں۔ لڑکیاں آج معاشرے کے ہر شعبے میں سب سے آگے ہیں۔ چاہے وہ تعلیمی کامیابی ہو یا نوکری کی بات ہو لڑکیاں اور خواتین ہمیشہ سب کے لیے مثال قائم کرتی ہیں۔ جدید دنیا میں اب بھی لڑکیوں کے تئیں لوگوں کا جانبدارانہ رویہ ہے جو کہ درست نہیں ہے۔