جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں کورونا انفیکشن کے کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہاؤسنگ کالونی کو ریڈزون کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا، اس کے بعد آدرش کالونی کو بھی ریڈزون کی فہرست میں داخل کردیا گیا، جس کی وجہ سے پولیس انتظامیہ نے پورے علاقے میں تار بندی کر دی گئی ہے تاکہ اس علاقے سے نہ کوئی باہر جاسکے اور نہ ہی کوئی اس علاقے میں آسکے۔
کورونا انفیکشن کے پیش نظر مرکز کی ٹیم ادھم پور پہنچی اسی کے پیش نظر آج جموں و کشمیر محکمہ صحت این ایچ ایم کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر نریندر بھوتیال کی سربراہی میں ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم شہر پہنچی۔
واضح رہے کہ ٹیم نے ریڈزون آدرش کالونی کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کے دوران انہیں مختلف معلومات فراہم کیں، اس دوران مقامی لوگوں نے بھی اپنی پریشانی ٹیم کے سامنے رکھی۔
ٹیم کی جانب سے ریڈ زون میں مقیم لوگوں سے اپنے گھروں میں محفوظ رہنے کو کہا گیا اور وقتا فوقتا جانچ کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے لوگ اپنے گھروں میں محفوظ رہیں، اس کے علاوہ ریڈزون میں جنگی پیمانے پر سیمپلنگ کی جا رہی ہے اور جو لوگ بھی کورونا سے متاثر پائے جارہے ہیں انھیں ترجیحی بنیادوں پر آئیسولیٹ کیا جارہا ہے۔