پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پردھان طارق شاہ نے کہا 'ہم آج اپنے معزز ڈی ڈی سی کے منظور کردہ اس حکم کا خیرمقدم کرتے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ پتنگ بازی کے لئے پلاسٹک کے دھاگے / مانجھا کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہو'۔
'پلاسٹک کے مانجھے کی پابندی پر مکمل عمل ہو' انہوں نے کہا کہ 'ہم پورے دل سے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں کیوں کہ ہماری تنظیم ایک طویل عرصے سے مطالبہ کررہی ہے۔ اس طرح کے دھاگے پرندوں، جنگلات کی زندگی، ماحولیات اور انسانی زندگی کے لئے بھی خطرہ ہیں'۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی کل ہی جموں میں ایک شخص پلاسٹک مانجھے کے سبب دو پہیئے پر جاتے ہوئے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس آرڈر کا نفاذ اچھی طرح سے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ افسوس کی بات یہ ہے کہ آج کل پولیتھین زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ پابندی کے باوجود لوگ پلاسٹک اور پولیتھین بیگ میں مواد لے کر جاتے ہیں۔
پردھان طارق شاہ نے کہا کووڈ-19 کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے پلاسٹک کے تھیلے کی طرف کچھ غفلت برتی گئی ہے، جس کی وجہ سے دکاندار ان پلاسٹک کے تھیلے میں اندھا دھند اشیاء بیچ رہے ہیں۔ لہذا ہم ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولیتھین بیگ پر سخت پابندیاں عائد کرے تاکہ ہمارے جانوروں اور ماحول سے متعلق دیگر چیزوں کا تحفظ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتے ہیں کہ اس طرح کے احکامات ان سے وابستہ صحت کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سختی سے نافذ کیے جائیں گے'۔ پردھان طارق شاہ کے ہمراہ، پریس کانفرنس میں عاقب، علی، اعجاز، بنسی لال اور دیگر موجود تھے۔