ادھمپور: جموں وکشمیر کے ادھمپور ضلع میں اتوار کی صبح پولیس حراست میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ نوجوان نے سینے میں درد کی شکایت کی اور فوراً اس کو نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکا۔معلوم ہوا ہے کہ احتجاج کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں مجسٹریل انکوائری کے احکامات صادر کیے۔
اطلاعات کے مطابق ادھمپور کے راتھیان گاؤں کے رہنے والے دلیپ سنگھ کی پولیس حراست میں موت واقع ہونے کے بعد لواحقین نے احتجاج کیا اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔ ظاہرین نے کافی دیر تک سڑک پر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔ اس دوران پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سینیئر آفیسران نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے گی۔