حیدرآباد:نئی دہلی میں منعقدہ ویمنس ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی نکہت زرین کی دارالحکومت نئی دہلی سے ریاستی دارالحکومت حیدرآباد واپسی پر شمس آباد ایرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ کھلی جیپ میں وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ اور دیگر کے ساتھ ان کو لے جایا گیا۔ وزیر موصوف نے ان کو تہنیت اور مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سرینواس گوڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی دختر نے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راو کے تعاون سے عالمی سطح پر شناخت بنائی ہے اور دنیا بھر میں ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ کھیل کی بہتر پالیسی تیار کررہے ہیں اور اکیڈیمیز کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے والی نکہت زرین کو اکیڈیمی کے قیام کے لیے تعاون حکومت کی جانب سے کیا جائے گا، کیونکہ عالمی سطح پر باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے کئی باکسرس کو تیار کرنے کی صلاحیت نکہت میں ہے۔
اسی لیے وزیراعلیٰ نے ان کے لیے ڈی ایس پی کی ملازمت کا اعلان کیا ہے۔تلنگانہ ریاست میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، جس کی نظیر ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ملتی۔ایسے کھلاڑیوں کو نظرمیں رکھتے ہوئے جلد ہی بہتر اسپورٹس پالیسی بنائی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں نکہت زرین اولمپک میں میڈل حاصل کریں گی۔
قبل ازیں نظام آباد ضلع میں بھی نکہت زرین کی حوصلہ افزائی اس وقت کی رکن پارلیمنٹ نظام آباد کویتا نے کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے ہر بچے کے لیے نکہت زرین مثال ہے۔نکہت نے ان کا استقبال کرنے کے لیے آنے والے سرینواس گوڑ اوردیگر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہیں کافی خوشی ہورہی ہے۔انہوں نے ہمیشہ تعاون کرنے پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو، رکن قانون ساز کونسل کویتا سے اظہار تشکر کیا۔