رکن پارلیمان اور ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ جموں ائیرپورٹ پر پیش آنے والا ڈرون حملہ ہمارے سکیورٹی اداروں پر ایک اور حملہ ہے اور اس کو سرحد پار سے جاری جنگ کے طور پر دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کیا 'حملے میں زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کی صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔ ہمیں اس حملے کو پلوامہ حملے کی طرح یا پھر کسی دوسری جنگ کی طرح تسلیم کرنا چاہیے'۔
انہوں نے لکھا 'کیا وزیر اعظم مودی ایک بار پھر اپنی کمزوری ظاہر کریں گے؟۔ کیا وہ اپنی سمجھ بوجھ کا فقدان ظاہر کریں گے اور دوسرے غیر ملکوں کو اس مسلے میں شامل کریں گے؟ کیا وہ متحدہ عرب امارات کی مدد سے پاکستان سے بات چیت جاری رکھیں گے؟'۔