حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے مسلم کمیونٹی کے نوجوانوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ بی جے پی زیرقیادت مرکز کی جانب سے کی گئی سرگرمیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ملک میں مساجد کو آباد رکھنا چاہیے۔ بابری مسجد کے ضمن میں اسد الدین اویسی نے کہا کہ جس جگہ پر گزشتہ 500 سال سے قرآن پاک کی تلاوت کی جاتی تھی وہ اب ان کے ہاتھ میں نہیں ہے۔
اسد الدین اویسی نے حیدرآباد کے علاقہ بھوانی نگر میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "نوجوانوں، میں آپ کو بتا رہا ہوں، ہم نے اپنی مسجد کھو دی ہے اور آپ دیکھ رہے ہیں کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ کیا آپ کے دل میں درد نہیں ہے؟"۔
اویسی نے کہا کہ نوجوانوں، کیا آپ کو نظر نہیں آرہا کہ ملک بھر میں مزید تین چار مساجد کے خلاف سازش ہو رہی ہے، جس میں دہلی کی سنہری مسجد بھی شامل ہے؟ برسوں کی محنت کے بعد آج ہم نے اپنا مقام حاصل کیا ہے، آپ کو ان چیزوں پر توجہ دینا ہوگی۔مجلس کے سربراہ نے مزید کہا کہ نوجوان مسلمانوں کو چوکنا اور متحد رہنا ہوگا۔