حیدرآباد: گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک تالے بند قبر کی تصاویر وائرل رہی ہے اور دعوی کیا جارہا ہے کہ یہ قبر پاکستان کی ہے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ مذکورہ تالے والی قبر بھارتی شہر حیدرآباد کی ہیں نہ کہ پاکستان کی، جیسا کہ ایک مقامی شخص نے قبرستان میں جاکر مذکورہ قبر کی ویڈیو گرافی کرکے اس کا انکشاف کیا ہے۔ چند میڈیا ادارے بشمول نیوز ایجنسی این آئی اے نے ہفتے کے روز یہ خبر چلائی کہ پاکستان میں والدین اپنی بیٹیوں کی قبروں میں تالے لگارہے ہیں تاکہ انہیں عصمت دری سے بچایا جا سکے۔
تاہم اتوار کو سچائی اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ دنوں حیدرآباد کے پرانے شہر کے مادنا پیٹ علاقے میں واقع قبرستان میں تالے لگی قبر کو دیکھنے والے ایک شخص نے سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیو پوسٹ کرنے کے لیے اسی جگہ کا دورہ کیا۔ ویڈیو میں موجود شخص نے انکشاف کیا کہ یہ اس کے دوست کی ماں کی قبر ہے۔ بوڑھی خاتون کا گزشتہ سال انتقال ہو گیا تھا اور اسے وہیں دفنانے کے بعد ان کے اہل خانہ نے تالہ لگا دیا تھا تاکہ کسی اور میت کی تدفین اسی جگہ پر نہ ہو سکے۔