اردو

urdu

ETV Bharat / state

'بدامنی اور فرقہ واریت برداشت نہیں کی جائے گی'

وزیر اعلی کے چندرشیکھرراؤ نے کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت یا برسراقتدار پارٹی سے ہی کیوں نہ ہو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔

By

Published : Nov 26, 2020, 11:25 AM IST

'بدامنی اور فرقہ واریت برداشت نہیں کی جائےگی'
'بدامنی اور فرقہ واریت برداشت نہیں کی جائےگی'

تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں تشدد اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پولیس کو ہدایت دی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ حکومت کے پاس بدامنی پھیلانے والے عناصر سے متعلق یقینی طور پر اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی برقراری حکومت کے ایجنڈا میں سرفہرست ہے۔ کسی بھی فرد یا افراد یا عناصر کی جانب سے امن اور ہم آہنگی کی فضاء کو متاثر کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر سماجی عناصر کو آہنی پنجہ سے کچل دیا جائے گا۔ وزیراعلی نے بتایا کہ ریاست میں غیر سماجی عناصر سے نمٹنے کیلئے پولیس کو مکمل آزادی دی گئی ہے۔

ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر وزیراعلی نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ جس میں چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈی جی پی مہیندر ریڈی، پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار، سائبر آباد کے کمشنر پولیس وی سی سجنار، رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مہیش مرلیدھر بھگوت، ایڈیشنل جی پی جتیندر، آئی جیز اسٹیفن رویندر، وائی ناگی ریڈی، نظام آباد آئی جی شیو شنکر ریڈی، ورنگل آئی جی پرمود کمار اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

وزیراعلی نے کہاجی ایچ ایم سی الیکشن کی مہم کے دوران بعض سیاسی رہنما مختلف سازشوں کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ فرضی خبروں کو پھیلایا جارہا ہے۔ بعض رہنما اپنے بیانات کے ذریعہ اشتعال پیدا کررہے ہیں لیکن حیدرآباد کی امن پسند عوام ایسے رہنماوں کے جھوٹے پروپگنڈوں کا شکار نہیں ہوں گے۔

وزیراعلی نے عوام کو بھی چوکس رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت یا برسراقتدار پارٹی سے ہی کیوں نہ ہو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اسد اویسی کا بی جے پی کو چلینج، روہنگیا بتا کردکھائیں؟

ABOUT THE AUTHOR

...view details