حیدرآباد:حیدرآباد یونائیٹڈ مسلم فورم نے تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاستی وقف بورڈ کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر ( سی ای او) کی حیثیت سے ایک نان کیڈر عہدیدار کے تقرری کو وقف ایکٹ 1995 سیکشن 23 کی خلاف ورزی قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ سے اپیل کی گئی کہ وہ قانون وقف کے تحت ایک مستقل کیڈر عہدیدار کا تقرر کریں اور ریاست میں وقف املاک و جائیدادوں کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کریں۔ فورم کے صدر مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم اور دیگر ذمہ داران فورم کی جانب سے تلنگانہ کے وزیر اعلی کو تحریر کردہ مکتوب میں کہا گیا کہ ایک مستقل کیڈ ر عہدیدار کے عدم تقرر سے اوقافی املاک و جائیدادوں کا تحفظ ایک سنگین مسئلہ بن رہا ہے۔ فورم کے جنرل سیکریٹری سید منیر الدین احمد مختار نے وزیر اعلی کے نام فورم کے مکتوب کے حوالے سے بتایا کہ اس مکتوب میں وقف ایکٹ میں ہی ۔ای۔ او کی قابلیت، ان کے فرائض و اختیارات کی تشریح کی گئی ہے۔
اس مکتوب کی نقل چیف سیکر یٹری شانتی کماری کو بھی دی گئی۔ درگاه حضرت حسین شاہ ولی کی موقوفہ اراضی، مہیشورم کی وقف اراضی، عاشور خانه علی سعد، حضرت شاه را جوقتال، مسجد عالمگیری گلہ بیگم پیٹ ، حفیظ پیٹ کی درگار کی موقوفہ اراضیات کی طرف چیف منسٹر کی توجہ دلائی گئی ، اس مکتوب میں اس بات کی وزیر اعلی سے توقع کی گئی کہ وہ وقف ایکٹ کے مطابق ریاستی وقف بورڈ کو با اختیار بنانے اور اوقافی املاک و جائیدادوں کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کریں گے۔