حیدرآباد:ریاست تلنگانہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات 2023 کو لے کر مسلم تنظمیں بھی سرگرم ہو گئیں ہیں۔حیدرآباد میں یونائٹیڈ مسلم فورم کی جانب سے اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلمانوں کے حل طلب مسائل پر سیاسی جماعتوں سے تیقنات حاصل کرنے کے بعد کسی بھی جماعت کی تائید کرنے کا فیصلہ کا کیا جائے گا۔ یونائیٹیڈ مسلم فورم کا ماہانہ اجلاس خانقاہ حضرت شاہ خاموش نامپلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک وریاست کے موجودہ حالات پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کے علاوہ فلسطین میں مغربی ممالک کی تائید سے اسرائیلی بربریت کی سخت مذمت کی گئی ۔ تلنگانہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر متفقہ طور پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے تمام امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا گیا۔ ریاست کے دیگر اسمبلی حلقوں میں ووٹوں کی تقسیم کو روکنے فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسلمانوں کے مسائل پر مشتمل مطالبات تیار کر کے انہیں حل کرنے سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں سے تیقن لینے کے بعد ہی تائید کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فورم کے ذمہ داران مولا نا مفتی سید صادق محی الدین فہیم ( صدر ) مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا سید شاہ حسن ابراهیم حسینی قادری سجاد پاشاہ جناب ضیا الدین نیر ، جناب سید منیر الدین احمد مختار ( جنرل سکریٹری)، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری، مولانا سید مسعود حسین مجتهدی، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا مفتی معراج الدین علی ابراز مولانا ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا مفتی محمد عظیم الدین انصاری، مولانا سید شین احمد قادری شطاری، ڈاکٹر محمد مشتاق، جناب ایم اے ماجد، مولا نا خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، مولانا سید وصی اللہ حسینی نظام پاشاہ مولانا میر فراست علی شطاری، مولانا سید قطب الدین حسینی صابری، مولانا مکرم پاشاہ قادری تخت نشین، مولاناعبدالغفار خان سلامی ، جناب بادشاہ محی الدین ڈاکٹر نظام الدین و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔