حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے ایل بی نگر میں ساگر رنگ روڈ کے چوراہے پر ایک زیر تعمیر فلائی اوور منہدم ہوگیا۔ جس کے سبب نو مزدور زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی مزدوروں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے ایک مزدور کی حالت نازک بتائی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ایل بی نگر جے ساگر رنگ روڈ کے چوراہے پر ایک فلائی اوور کے تعمیراتی کام کے دوران حادثہ پیش آیا۔ فلائی اوور کے ستونوں کے درمیان لوہے کا ریمپ بنایا جا رہا تھا کہ اچانک فلائی اوور گر گیا۔ اس واقعے میں نو مزدور زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
تمام زخمی مزدوروں کا تعلق بہار سے ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا۔ ایل بی نگر کے ایم ایل اے سدھیر ریڈی اور جی ایچ ایم سی پروجیکٹ کے عہدیداروں نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ پوکلین کی مدد سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ وہیں پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔