حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آرایس کے رکن قانون ساز کونسل و رعیتو بندھو سمیتی کے صدر پی راجیشور ریڈی نے الزام لگایا ہے کہ دو گجراتی ملک کی دولت ایک اور گجراتی کے حوالے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ اڈانی 2014 میں امیر لوگوں کی فہرست میں 604 ویں نمبر پر تھے، اب یہ پہلے نمبر پر کیسے آگئے، یہ بات بی جے پی لیڈروں کو بتانی چاہئے۔ راجیشور ریڈی نے وزیر ٹرانسپورٹ اجے کمار، ایم پی روی چندرا، ایم ایل اے کرانتی کرن کے ساتھ بی آرایس ایل پی آفس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ بی آر ایس دہلی کی سیاست میں ایک یقینی تبدیلی کی طرف قدم اٹھائے گی۔بی آرایس،تلنگانہ کی طرح پورے ملک میں مفت بجلی فراہم کرے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ بجلی کے شعبہ کو اڈانی سے جوڑنے کی سازش ہو رہی ہے، ہم ملازمین کے ساتھ مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے ساتھ ہی اعلان کیا کہ کھمم میں گذشتہ روز منعقدہ جلسہ قومی سیاست میں تبدیلیوں کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھمم کا جلسہ فتوحات کا صرف آغاز ہے۔ کھمم جلسہ کے ذریعہ بی آر ایس کے ایک غالب قوت بننے کی راہ ہموار ہورہی ہے۔اس موقع پر وزیر ٹرانسپور ٹ اجئے کمار نے کھمم میں گذشتہ روز منعقدہ جلسہ کو ناکام قرار دینے بی جے پی کے ریاستی صدربنڈی سنجے کے دعوی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوگا کہ بنڈی سنجے ریاستی حکومت کی اسکیم آنکھوں کی روشنی میں اپنی آنکھوں کا معائنہ کروائیں۔ ایسا نہ کرنے پر ڈاکٹرس کی ٹیم ان کی آنکھوں کے معائنہ کیلئے بھیجی جائے گی۔