سالگرہ کا کیک کھانے کے بعد دو افراد ہلاک - رامچندرن
لڑکے کی سالگرہ کی تقریب ایک خاندان کے لیے ایک المیہ بن گئی کیونکہ سالگرہ کے موقع پر لائے گئے کیک کو کھانے کے بعد دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ مزید دو افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
یہ واقعہ تلنگانہ کے سدی پیٹ میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق کل شب 9سالہ آئی رامچندرن کی سالگرہ کی تقریب گھر میں منائی گئی۔
اس کے لیے کیک بھی لایاگیا تاہم کیک کھانے کے بعد رامچندرن، اس کے باپ 39سالہ روی اور ماں 35سالہ بھاگیہ لکشمی کے علاوہ بہن 12سالہ پوجیتا بیمار پڑگئے۔
ان تمام کو فوری طور پر علاج کے لئے اسپتال منتقل کیاگیا جہاں رامچندرن اور اس کے باپ کو ڈاکٹرز نے مردہ قرار دیا جبکہ بھاگیہ لکشمی اور پوجیتا کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اسی دوران پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ رامچندرن کے چچا کا اس معاملہ میں ہاتھ ہوسکتا ہے کیونکہ اس خاندان کے اس سے اختلافات تھے۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرلیا اور مختلف زاویوں سے اس کی جانچ شروع کردی۔