حیدرآباد: کانگریس ورکنگ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس آج سے حیدرآباد میں شروع ہورہا ہے۔ 2024 کے عام انتخابات کے پیش نظر اس اجلاس کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم کے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ اقتصادی اور سیاسی مسائل اور اپوزیشن کے اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس 'انڈیا' پارٹیوں کے ساتھ تال میل کے مسئلے پر اس اجلاس میں بات چیت ہونے کی امید ہے۔ نئی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق موجودہ اقتصادی اور سیاسی مسائل جیسے مہنگائی، بے روزگاری، منی پور، اڈانی گروپ کے خلاف تازہ ترین الزامات اور جموں و کشمیر میں حالیہ دہشت گردانہ حملہ کچھ ایسے مسائل ہیں جن پر کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان فکر مند ہیں۔ ہفتہ کے روز کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اراکین اور کانگریس کی حکومت والی چار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کانگریس پارٹی کی اعلیٰ ترین فیصلہ سازی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ ایک دن بعد 17 ستمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی توسیعی میٹنگ میں پارٹی کے 147 اراکین شرکت کریں گے کیونکہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے سربراہان اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے رہنماؤں کو بھی بحث کا حصہ بننے کے لیے دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی واضح طور پر آئندہ تلنگانہ انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہاں اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے بعد کانگریس کی اعلیٰ قیادت نہ صرف حیدرآباد کے مضافات میں ایک بڑی ریلی میں شرکت کرے گی بلکہ کرناٹک کے خطوط پر انتخابی مہم کے دوران کچھ گارنٹی اسکیموں کا بھی وعدہ کیا جائے گا۔