حیدرآباد: تلنگانہ میں فیلڈ لیول ہیلتھ کیئر ورکرس کو مدد فراہم کرنے کی سمت ایک بڑا اقدام کرتے ہوئے، ریاستی حکومت نے پیر کے روز تمام تسلیم شدہ سوشل ہیلتھ ایکٹیوسٹ (آشا) ورکرز کو زچگی کی ادا شدہ چھٹی کا اعلان کیا، جو بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات اور ریاست کے موثر نفاذ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ زچگی چھٹی کا یہ فیصلہ ریاستی وزیر صحت، ٹی ہریش راؤ نے پیر کے روز منعقدہ آشا اور اے این ایمز سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران لیا۔
وزیر صحت نے نچلی سطح پر لوگوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں آشا اور اے این ایمز کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ متحدہ آندھرا پردیش میں، آشا کارکنوں نے اجرتوں میں اضافے اور بروقت معاوضے کو حاصل کرنے کے لیے احتجاج اور مظاہروں کا سہارا لیا تھا۔ تاہم تلنگانہ بننے کے بعد سے آشا کارکنوں کی اجرت میں اضافہ ہوا ہے۔ فی الحال، انھیں 9,750 روپے ماہانہ تنخواہ ملتی ہے، جب کہ بی جے پی اور کانگریس کی حکومت والی ریاستوں میں ان کے ہم منصبوں کو صرف 4,000 سے 5,000 روپے ملتے ہیں۔