تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے صدرکا انتخاب 25اکتوبر کوہوگا۔پارٹی کا پلینری اجلاس بھی اسی تاریخ کو منعقد کیاجائے گا۔
پارٹی،اس کے قیام کے دو دہائیوں کی تکمیل کی تقاریب بڑے پیمانہ پر 15نومبرکومناناچاہتی ہے۔ پارٹی کے کارگزارصدر تارک راما راو جو وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے فرزند بھی ہیں نے اس خصوص میں حیدرآباد میں پارٹی کے ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے قوانین کے مطابق پارٹی صدر کاانتخاب ہر دو سال میں ہونا ہوتا ہے۔
ہر سال پارٹی کی یوم تاسیس منانے کے لئے 27اپریل کو پلینری منعقد کرنے کی روایت رہی ہے تاہم سال 2019میں لوک سبھا انتخابات اور گزشتہ دو سالوں کے دوران کووڈ کی وبا کی وجہ سے یہ دونوں نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کورونا کی شدت دیگر ریاستوں کے مقابلے کافی کم ہے۔ اورریاست میں بڑے پیمانہ پر ٹیکہ اندازی بھی جاری ہے۔