حیدرآباد: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اختراعی طریقوں کو اختیار کرتے ہوئے مسلح افواج کی روایات برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کے نواح میں واقع ڈنڈیگل میں ایرفورس اکیڈیمی میں کمبائنڈ گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایات پر عمل سے ہی نظام بہتر ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج میں روایات دراصل امتحان ہے۔ یہ کہتے ہوئے کہ دنیا میں بدلتے ہوئے حالات میں جدت بھی اہم ہے، انہوں نے فلائنگ آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ ہمیشہ اپنی نئی سوچ اور نظریہ کو جاری رکھیں۔
وزیردفاع نے تربیت کی تکمیل کرنے والوں سے کہا کہ وہ نئی سونچ اورنئے خیالات کے تئیں کھلے پن اور تصوریت کو کسی بھی حال میں نہ کھوئیں۔انہوں نے کہا کہ نئے کیڈیٹس یقینا کافی پرجوش، نئی سوچ اور تصوریت سے بھرے ہوئے ہیں، اگر وہ اس خوشی،توانائی، اس تصوریت کو اپنے روزمرہ کے کام سے ایک منٹ پہلے بھی یاد رکھیں گے، تو یقیناً وہ اس تصوریت کو کبھی نہیں کھوئیں گے۔کیڈٹ کے طورپر توانائی، جدت اور تصوریت ہمیشہ ان کے اندر رہے گا۔ انہیں یقین ہے کہ کیڈیٹس یہ یاد رکھیں گے۔