حیدرآباد: تلنگانہ کے وقار آباد ضلع کے پرگی ٹاون میں تبلیغی جماعت کا اجتماع ہفتہ کو شروع ہوگیا ہے۔ اس سہ روزہ صوبائی اجتماع میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید شرکت کررہے ہیں۔ آج یعنی 6 جنوری کو فجر کی نماز سے اس کا آغاز ہوگیا ہے پیر کی دوپہر بعد نماز ظہر اختتام کو پہنچے گا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ پڑوسی ریاست کرناٹک اور مہاراشٹرا سے بھی تبلیغی جماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد اس اجتماع میں شرکت کررہی ہے۔
تلنگانہ حکومت نے وقف بورڈ کی جانب سے اجتماع کے انتظامات کے لئے 2 کروڑ 45 لاکھ 93 ہزار 847 روپے جاری کئے ہیں جس میں اجتماع گاہ میں قائم کئے گئے دو عارضی تالابوں کے لئے 85 لاکھ اور عارضی تالابوں سے وضو خانوں تک پانی سربراہ کرنے کے لئے ڈالے گئے پائپ لائن پر 68 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پرگی منڈل کے قریب میں واقع نعمت نگر کی 180 ایکر اراضی پر اجتماع کے انتظامات کئے گئے ہیں جہاں 130 ایکر پر اجتماع ہوگا جبکہ 50 ایکر پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
تقریباً 4 لاکھ افراد کی شرکت کے پیش نظر اجتماع میں بڑے پیمانے پر طعام اور وضوکے انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہاں دو بڑے عارضی تالاب بنائے گئے ہیں جس میں ہر ایک تالاب میں ایک کروڑ لیٹر پانی کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شرکاء کے لئے تین دن کے کھانے کے لئے 26 باورچی خانے قائم کئے گئے ہیں۔