حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ہفتہ کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر مسلم ریزرویشن پر ان کے بیان پر سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ " یہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست ہے۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حیدرآباد میں بی جے پی کے منشور کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو 4 فیصد "غیر آئینی" مسلم ریزرویشن کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔
حیدرآباد کے علاقے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ ریزرویشن ہٹانے کا مطلب پسماندہ لوگوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کرنا ہے۔ صدر مجلس نے کہا کہ "تمام مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں ملتا، صرف پسماندہ طبقے میں درج لوگوں کو ملتا ہے۔ امت شاہ کا کہنا ہے کہ تمام مسلمانوں کو ریزرویشن ہندوؤں کو نفرت سے بھرنے کے لیے ملتا ہے۔ ریزرویشن ہٹانے کا مطلب پسماندہ مسلمانوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کرنا ہے"۔
اویسی نے کہا کہ "یہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست ہے۔ یہ میرا تلنگانہ کے تمام درج فہرست قبائل کو پیغام ہے کہ وہ بی جے پی کا بائیکاٹ کریں۔ وہ آپ کی قبائلی حیثیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ میں امت شاہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہندو غیر منقسم خاندان کو ٹیکس میں چھوٹ دی جائے"۔ اویسی نے کہا کہ اس 4 فیصد ریزرویشن کے لیے بہت قربانیاں دی گئی ہیں۔