Monsoon in Telangana تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون کی دستک - حیدرآباد میں بارش کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں اگلے پانچ دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست کے چند اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے۔
حیدرآباد:شمالی اور مشرقی اضلاع میں گرمی کی لہر کے حالات کے باوجود ریاست نے منگل کے روز اپنے جنوبی اضلاع میں ہلکی بارش کے ساتھ جنوب مغربی مانسون کا خیرمقدم کیا۔ اس سلسلے میں انڈیا میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ، حیدرآباد نے اگلے پانچ دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست کے چند اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفان کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق تلنگانہ کے اضلاع حیدرآباد، رنگاریڈی جے شنکر بھوپالپلی، ملوگو، بھدرادری کوتھا گوڈیم، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکونڈہ، جنگاؤں، یادادری بھونگیری، میدچل ملکاجگری، ناگر کرنول، وناپرتی، جوگولامبا، گدوال بھوونگیری میں الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی پیشین گوئی کے مطابق، نلگنڈہ کے چندمپیٹ میں منگل کے روز سب سے زیادہ 53.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نلگنڈہ کے کٹنگور میں بھی سب سے زیادہ درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد میں آئندہ چار دنوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ منگل کے روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ مانسون کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں آنے والے چار دنوں تک درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے 37 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے والا ہے۔
مزید پڑھیں: Telangana Congress Protest بجلی کے مسئلے پر تلنگانہ اسمبلی کے باہر کانگریس کے ارکان اسمبلی کا مظاہرہ
تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون کے دوران معمول کی بارش 738.6 ملی میٹر ہے۔ مانسون کے شروع ہونے میں تاخیر کے ساتھ، جون کے لیے منگل تک کی بارش پہلے ہی 82 فیصد کے انحراف کے ساتھ کم ہے۔