تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں واقع تلنگانہ ۔ مہاراشٹر کی سرحد پر شیر کی موجودگی سے علاقہ کے عوام میں سنسنی پائی جانے لگی ہے۔ خوفزدہ لوگ گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔ اب تک دو افراد اس شیر کا نشانہ بن چکے ہیں۔ تازہ طور پر ایک اور نوجوان کو اس نے ہلاک کیا ہے۔
عادل آباد اور آصف آباد کے جنگلاتی علاقہ کے قریب رہنے والے افراد نے اس شیر کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس شیر نے قبل ازیں مویشیوں پر حملے کئے تھے تاہم اب اس نے انسانوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ اس خونخوار جانور کا نشانہ بننے والوں کی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آصف آباد ضلع کے دیہی علاقہ کے بھگنیش نامی نوجوان، پنچکل پیٹ منڈل کے کونڈاپلی میں نرملا نامی خاتون کی موت شیر کے حملہ میں ہوگئی تھی۔ موجودہ طور پر عادل آباد ضلع میں مہاراشٹر کے ایوت محل ضلع میں اویناش نامی نوجوان کو اس شیر نے نشانہ بنایا ہے۔