مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے دونوں تلگو ریاستوں میں پہلے روٹری پلازمہ بینک کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس طرح کے بینک کے افتتاح پر مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے ملک کے عوام اور بالخصوص مرکزی حکومت کی جانب سے روٹری کلب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ لاپرواہی کے نتیجہ میں کئی جانوں کا اتلاف ہوسکتا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ لوگوں کی لاپرواہی ہی ان کی سزا ہے اور چوکسی ہی تحفظ ہے۔انہوں نے کہاکہ 22اگست ملک کی تاریخ میں اہم دن رہا ہے کیونکہ ایک ہی دن میں 10,25,000ٹسٹ کئے گئے۔یہ ایک ریکارڈ ہے تاہم اس میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ٹسٹ کروانے میں کسی بھی قسم کی مفاہمت نہیں ہونی چاہئے اور اس میں مسلسل اضافہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم،اس وائرس کے پھیلنے کوروکنے کے لئے وزرائے اعلی اور دیگر کے ساتھ مسلسل بات کررہے ہیں۔دہلی مرکزی زیر انتظام علاقہ ہونے کی وجہ سے اس پر مرکزی وزارت داخلہ کا انتظامی کنٹرول ہے۔دہلی میں اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اسی لئے یہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے معاملہ میں دیگر ریاستوں کے لئے ایک ماڈل ہے۔آج اس میں تقریبا25000خالی بستر ہیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا پانچ ریاستوں میں قابو سے باہر ہے۔ان ریاستوں میں ٹسٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے،ان میں تلنگانہ ایک ہے۔تلنگانہ ٹسٹنگ کے معاملہ میں دیگر ریاستوں سے کافی پیچھے ہے۔جب ہم ملک بھر کے 36شہروں /علاقوں کا ڈاٹا دیکھتے ہیں تو تلنگانہ نیچے سے ساتویں مقام پر ہے۔