حیدرآباد: سابق کرکٹر اور کانگریس کے امیدوار محمد اظہر الدین کو حیدرآباد شہر کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں ایک زبردست چیلنج کا سامنا ہے۔ اظہرالدین نے بدھ کے روز کہا کہ وہ مجلس کی جانب سے اسی حلقہ سے امیدوار کھڑا کرنے سے پریشان نہیں ہیں اور انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ جوبلی ہلز حلقے کے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مجلس اتحاد المسلمین کا امیدوار اس حلقے میں کانگریس کے ووٹ شیئر کو تقسیم کر سکتا ہے۔
رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کی زیر قیادت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے جوبلی ہلز سے محمد رشید فراز الدین کو میدان میں اتارا ہے۔ مجلس کی جانب سے اس حلقہ میں امیدوار کھڑا کرنے کے باعث اس حلقہ پر سب کی نگاہ مرکوز ہوگئی ہے کہ یہاں سے کون امیدوار کامیاب ہوگا۔ اور یہ کانگریس کے امیدوار محمد اظہر الدین کے لئے چیلنج ہے۔
جبکہ بی آر ایس نے اپنے موجودہ رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کو اس حلقے میں اپنے امیدوار کے طور پر کھڑا کیا ہے۔مجلس اتحاد المسلمین حکمران بی آر ایس کی "دوستانہ پارٹی" ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔
اظہر الدین نے کہا کہ "ہم اپنا الیکشن خود لڑ رہے ہیں۔ ہمیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ کون کیا کر رہا ہے۔ میں خود الیکشن لڑ رہا ہوں۔ یہ میرے لیے اہم ہے اور میں جانتا ہوں کہ جوبلی ہلز کے لوگ مضبوطی سے میرے پیچھے کھڑے ہیں۔ وہ سب مجھے چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ان کی مہم اچھی چل رہی ہے اور لوگوں کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔