حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن 2023-24، تین فروری کو شروع ہوا، گورنر تمل سائی سائوندرراجن نے کہا کہ وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کی مسلسل محنت سے ریاست میں ترقی ہو رہی ہے۔ اسمبلی میں اپنے خطاب میں گورنر نے ریاستی حکومت کی کئی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی چیف منسٹر کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تلنگانہ میں اکثر بجلی کی تخفیف ہوتی تھی اور پوری ریاست تاریکی میں ڈوبی ہوئی تھی۔ اب تلنگانہ میں 24 گھنٹے بجلی دستیاب ہے۔ وہاں ہر گھر میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہے۔ پہلے گاؤں میں غربت تھی، اب تلنگانہ کے گاؤں ماڈل گاؤں بن گئے ہیں، جہاں معیار زندگی بہت بلند ہے۔ اب ملٹی نیشنل کمپنیاں اور آئی ٹی کمپنیاں تلنگانہ میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ ریاست کی ترقی نے رفتار پکڑی ہے۔ اب تلنگانہ پورے ملک کے لیے ایک ماڈل بن گیا ہے۔
گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں سال 2014-15 میں فی کس آمدنی 1 لاکھ 24 ہزار 104 روپے تھی جو سال 2022-23 میں بڑھ کر 3 لاکھ 17 ہزار 115 روپے ہوگئی ہے۔ میں اس ترقی کی شرح کے لیے ریاستی حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ریتو بندھو اسکیم کے تحت تلنگانہ کے 65 لاکھ کسانوں میں 65 ہزار کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی ہے تاکہ ان کی زراعت میں مدد کی جاسکے۔ ملک کی کسی ریاست میں کسانوں کو اتنی مالی مدد کبھی نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسانوں کو ریتوبیما اسکیم کے تحت ہر کسان کو پانچ لاکھ روپے کا بیمہ فراہم کیا گیا ہے اور کسی بھی کسان کو ایل آئی سی کا پریمیم ادا نہیں کرنا ہے۔ اس کا پریمیم ریاستی حکومت برداشت کرتی ہے۔