حیدرآباد: گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے پبلک سروس کمیشن کے مسابقتی امتحان کے بار بار التوا پر شہر حیدرآباد کے ایک ہاسٹل میں طالبہ کی خودکشی کے واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اس معاملہ پر صدمہ کا اظہار کیا۔انہوں نے چیف سکریٹری، ڈی جی پی اور پبلک سرویس کمیشن کے سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ 48 گھنٹے کے اندر طالبہ کی موت پر رپورٹ پیش کریں۔
اسی دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ پروالیکا کی خودکشی کا واقعہ بہت افسوسناک ہے۔ یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے۔ تلنگانہ کا نوجوان بے روزگاری کا شکار ہے۔ جاب کیلنڈر اسی وقت آئے گا جب ریاست میں کانگریس کی حکومت آئے گی۔ ہم اقتدار میں آنے کے بعد ٹی ایس پی ایس سی کو یو پی ایس سی کی طرح مضبوط بنائیں گے۔ اقتدار میں آنے کے ایک سال کے اندر 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پبلک سروس کمیشن کے مسابقتی امتحان کے بار بار التوا پر ضلع ورنگل سے تعلق رکھنے والی پراولیکا نامی طالبہ نے شہر حیدرآباد کے ایک ہاسٹل میں خودکشی کی ہے۔ اس واقعہ پر تلنگانہ کے طلبہ میں حکومت کے خلاف شدید برہمی پائی جاتی ہے۔ طلبہ نے کہا کہ ریاست میں تعلیم کے شعبہ کی صورتحال کافی ابتر ہوگئی ہے جس کے نتیجہ میں پراولیکا نامی طالبہ نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے پراولیکا سے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے مکمل انصاف تک احتجاج کیاجائے گا۔
مزید پڑھیں: بی جے پی لیڈرز پر حملہ، پولیس عہدیداروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے بنڈی سنجے کامطالبہ
اس معاملے میں گذشتہ روز بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا تھا جس کے دوران بی جے پی کے رہنماوں پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا۔ بی جے پی کے لیڈر بنڈی سنجے نے اس معاملے پر ریاستی حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ وہیں دوسری جانب کانگریس نے بھی اس معاملے پر بی آر ایس حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔