حیدرآباد: تلنگانہ کی 119 اسمبلی سیٹوں پر آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ بیشتر پولنگ مراکز پر ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ایسے میں معروف سیاسی، سماجی اور فلمی ہستیوں کا بھی پولنگ مراکز پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تلنگانہ کے وزیر اور بی آر ایس ایم ایل اے کے ٹی راما راؤ اور ان کی اہلیہ شیلیما اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے بنجارہ ہلز کے نندی نگر، پولنگ بوتھ پر پہنچ کر قپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کیا۔
وہیں، ریاستی کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کوڈنگل میں ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے کے لئے پہنچے اور ووٹ کاسٹ کیا۔
حیدرآباد میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد، اے آئی ایم آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے حیدر آباد کے عوام سے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ "میں تلنگانہ کے لوگوں سے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کرتا ہوں.... یہ بہت ضروری ہے کہ شہری علاقوں میں رہنے والے ووٹ دیں، اس دن کے بارے میں نہ سوچیں۔ چھٹی کا دن۔ اگر آپ ووٹ دیں گے تو سیاستدانوں کا احتساب بھی بڑھ جائے گا۔ پہلی بار ووٹ دینے والوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسے پورا کریں۔"
وہیں، سابق کرکٹر اور جوبلی ہلز سے کانگریس ایم ایل اے امیدوار محمد اظہر الدین نے حیدرآباد میں اپنا ووٹ ڈالا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ، "آپ کو سوال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، اگر آپ ووٹ نہیں دیتے ہیں": اظہر الدین نے لوگوں سے تلنگانہ انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔
مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ جی کشن ریڈی نے حیدرآباد کے برکت پورہ میں اپنا ووٹ ڈالا اور لوگوں سے تبدیلی کے لیے اپنے قیمتی ووٹ کے استعمال کی اپیل کی۔