حیدرآباد: الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں سیاسی ماحول گرما گیا۔ ہر سیاسی پارٹی اپنی اپنی استطاعت کے مطابق ہر قسم کا حربہ اپناکر ووٹرس کو رجحانے میں مصروف ہوگئیں۔ الیکشن پرچار میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ’پرچار رتھوں‘ میں تبدیلی کیلئے کارپنٹرس سے ربط کیا جارہاہے۔ ایک دوسرے سے بہتر ڈیزائین خوبصورت تشہیری گاڑیوں کی ہوڑ ہے۔ کارپنٹرس، آرٹسٹ کے علاوہ ٹوپی، کھنڈوا، پارٹی جھنڈیاں، فلکسی یا بیانرس فولڈرس و دیگر چیزوں کے کاریگروں کی ڈیمانڈ میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ تلنگانہ کی اہم پارٹیوں کے علاوہ دیگر چھوٹی چھوٹی پارٹیوں کی جانب سے پرچار رتھ بنائے جارہے ہیں۔ جس کے بعد مختلف مقامات پر مذکورہ کاریگروں کی مصروفیت میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا۔
کارپنٹرس کے مطابق ایک گاڑی کو تیار کرنے میں کافی وقت لگتا ہے۔ خاص طور پر ووٹرس کو رجھانے کےلئے پارٹی پرچم کے رنگ کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔ پارٹیوں کی جانب سے دئے گئے آرڈرس پر رتھوں کی تیاری کے کاموں میں تیزی لائی جارہی ہے۔ کارپنٹرس و دیگر کاموں کے ماہرین کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ کاریگروں کے مطابق فی الوقت بی آر ایس کے آرڈرس پر کام کیاجارہا۔ ہر الیکشن کے موقع پر امیدوار اس طرح کی گاڑیوں کو تشہیری مہم کیلئے استعمال کرتے ہیں۔