حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس اتوار کو منعقد کیا جائے گا جس میں ریاست میں پارٹی کو نچلی سطح سے مستحکم کرنے، عوامی مسائل سے واقفیت اور چندر شیکھرراو زیرقیادت بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے نکالی جانے والی بس یاترا کے شیڈول پر تبادلہ خیال کی توقع ہے۔ اس اجلاس میں مجوزہ یاترا کے روٹ میاپ کو بھی حتمی شکل دیئے جانے کی توقع ہے۔
تلنگانہ اسمبلی انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ہیں، اسی کے پیش نظر ریاست میں کانگریس خود کو مستحکم کرنے میں مصروف ہے۔ پڑوسی ریاست کرناٹک میں حال ہی میں پارٹی کی کامیابی سے تلنگانہ میں پارٹی کے لیڈروں کے حوصلہ بڑھ گئے ہیں اور وہ چندر شیکھرراو حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے عوام کے درمیان جانے کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کے خلاف جارجانہ مہم چلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ان انتخابات کے سلسلہ میں ایکشن پلان کی تیاری کی جارہی ہے۔