حیدرآباد: کانگریس پارٹی آج تلنگانہ میں حکومت بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ کانگریس کے ایک وفد نے اتوار کی رات تلنگانہ کے گورنر سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کے لیے اپنی تیاری کا اظہار کیا۔ گورنر کو پیر کی صبح کانگریس لیجسلیٹیو پارٹی کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی سی سی صدر اور کوڑنگل حلقہ سے منتخب رکن اسمبلی ریونت ریڈی کا وزیراعلی کی حیثیت سے حلف لینے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارت اعلی کے عہدہ کے لئے ریونٹ ریڈی کے نام قطعیت دے دی گئی ہے۔ سابق سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور دیگر وزیراعلی کے عہدے کے دوڑ میں ہیں۔ تاہم کانگریس کی اعلی کمان کی جانب سے ریونت ریڈی کو منتخب کرلیا گیا ہے۔ سی ایل پی اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ کے امیدوار کے نام کا باضابطہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب آج شام ہونے کا قوی امکان ہے۔
اتوار کو جاری کردہ نتائج میں کانگریس نے سی پی آئی کے ساتھ 65 سیٹیں حاصل کی ہیں، حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔ ریونت ریڈی نے ماضی میں کئی مواقع پر اعلان کیا ہے کہ 9 دسمبر کو ایل بی اسٹیڈیم میں حلف برداری کی تقریب ہوگی۔ لیکن اتنا انتظار کرنے کے بجائے نتائج کے اعلان کے ایک دن بعد ہی آج حلف برداری تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔