حیدرآباد:تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کلواکنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے اجمیر میں عرس مبارکب کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ۔ہر سال کی طرح امسال بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے حضرت خواجہ معین الدین چشتی سنجری علیہ الرحمہ، کے 811 ویں عرس مبارک کے موقع پراجمیر شریف کو غلاف مبارک روانہ کی گئی۔ وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ حضرت غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ پر ملک کے کونے کونے سے بلا لحاظ مذہب و ملت ، لوگ بہت ہی عقیدت اور احترام کے ساتھ حاضر ی دیتے ہیں اور اپنی مرادیں کے لئے منت مانگتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے غلاف مبارک کی کشتی کو سر پر اٹھا کر وزیر داخلہ محمد محمود علی کے حوالے کیا۔
بعد اذاں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اپنی جانب سے ہر سال بہت ہی پابندی کے ساتھ بارگاہ غریب نواز ولیہ الرحمہ میں غلاف روانہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کے سی آر جیسا دور اندیش اور سیکولر لیڈر کہیں نظر نہیں آتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندراشیکھر راؤ نے تلنگانہ کے زائرین کے قیام اور سہولیات کے لئے اجمیر شریف میں ایک رباط (گیسٹ ہاؤز) کے قیام کے لئے ایک ایکر زمین خریدی ہے جس پر بہت جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔ جوں ہی یہ رباط تیار ہوگا تلنگانہ عوام کو اس میں قیام کی سہولت مہیا ہوگی۔