حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمراں جماعت بی آر ایس نے رواں برس کے اواخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ریاست کی کل 119 اسمبلی نشستوں میں سے 115 نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر و وزیراعلی چندر شیکھر راو نے پارٹی کے ہیڈکواٹرس تلنگانہ بھون میں امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ وزیراعلی دو حلقوں کاماریڈی اور گجویل سے مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے میڈیا کانفرنس کے دوران امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف وجوہات کی بناء پر صرف 7 موجودہ ارکان اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بوتھ 'خانہ پور، وائرا، کورٹلہ، اپل، آصف آباد اور ویملواڑہ حلقوں کے امیدواروں کی تبدیلی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ چار حلقوں نرساپور، نامپل، ‘گوشہ محل اور جنگاوں کے امیدواروں کے ناموں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی 95 تا 105 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں پارٹی کے منشور کا اعلان کیا جائے گا جہاں 16 اکتوبر کو بی آر ایس بڑے پیمانہ پر جلسہ منعقد کرے گی۔ 2018 کے اسمبلی انتخابا ت کے دوران چندر شیکھر راو نے 105 امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ ان میں تمام موجودہ ارکان اسمبلی ہیں۔