حیدرآباد: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کےلئے بالآخر اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ مجلس کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر دارالسلام میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 6 اسمبلی حلقوں سے مجلسی امیدواروں کا اعلان کیا۔ اسدالدین اویسی کے مطابق حلقہ چندرائن گٹہ سے اکبرالدین اویسی، ملک پیٹ سے احمد بلعلہ، کاروان سے کوثر محی الدین، نامپلی سے ماجد حسین، یاقوت پورہ سے جعفر حسین معراج اور حلقہ چارمینار سے ذوالفقار علی مجلس کے امیدوار ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مرتبہ دو ارکان اسمبلی کو موقع نہیں دیا گیا۔ حلقہ چادرمینار سے ممتاز احمد خان کے بجائے حیدرآباد کے سابق میئر میر ذوالفقار علی کو میدان میں اتارا گیا۔ اسی طرح حلقہ یاقوت پورہ سے احمد پاشاہ قادری کے بجائے سابق میئر ماجد حسین کو ٹکٹ دیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسدالدین اویسی نے کہا کہ بہت جلد دیگر تین حلقوں پر پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے انتخابات میں 9 حلقوں پر مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز، بہادر پورہ اور راجندر نگر سے مجلسی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ اسدالدین اویسی نے مجلس میں مخالفت سے متعلق تمام افواہوں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں سب خوش ہیں۔