حیدرآباد:شہر حیدرآباد کے علاقہ ٹپہ چبوترہ میں کل شب اچانک عجیب و غریب بو سے مقامی افراد میں تشویش پھیل گئی جو بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل گئے۔ مقامی افراد نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ زہریلی گیس یا پھر کمیکل کی بو ہوسکتی ہے۔ کئی افراد نے اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ کئی افراد کو اپنے رشتہ داروں کی خیریت معلوم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
بتایاجاتا ہے کہ بعض افراد اس سے متاثر ہوئے۔ ٹپہ چبوترہ کی 5 کالونیوں میں اس طرح کی صورتحال دیکھی گئی۔ ٹپہ چبوترہ، کلثوم پورہ، کمیلہ روڈ، یوسف نگر، کاروان، نٹراج نگر اور مہیش کالونی کے مکینوں نے رات خوف کے عالم میں گذاری۔ شہریوں نے کہا کہ تقریبا دو گھنٹے تک یہ عجیب وغریب قسم کی بو کا ان کو سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹے بچے اور ضعیف افراد کو اس بو سے کافی مشکل صورتحال کاسامنا کرنا پڑا۔ بعض افراد کو اس بو سے الٹیاں بھی ہونے لگیں۔