ناگپور کے چھ سماجی کارکنان تلنگانہ کی بی آر ایس میں شامل حیدرآباد: ناگپور کے چھ سماجی کارکنان ناصر خاں، سمیر شیخ، اظہر شیخ، رفیق خاں اور قیوم نے تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے ان تمام سماجی کارکنان کو کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ملک کی دوسری ریاستوں کی تلنگانہ میں بھی ترقیاتی اسکیمات کامیابی کے ساتھ چل رہیں ہیں۔عام لوگ ان تمام اسکیموں سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔دوسری ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں ترقیاتی اسکیموں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ انگنت خوبیوں کے مالک ہیں، وہ اپنی سیکولرازم کے لئے ملک بھر میں مشہور ہیں۔ تشکیل تلنگانہ سے لے کر آج تک ریاست ترقی کی طرف گامزن ہے۔پچھلے ساڑھے آٹھ برسوں میں ریاست تلنگانہ نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔جس کی مثال ملک بھر میں کہیں نہیں ملتی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ سال 2014 سے قبل ریاست میں وظائف کے نام پر صرف دو سو روپئے دیئے جاتے تھے۔ مگر تشکیل تلنگانہ کے بعد سے وظائف کی رقم میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے اولڈ ایج(معمر)، بیواؤں، بنکروں، ایچ آئی وی مریضوں کو ہر ماہ 2016 روپئے وظائف دئیے جاتے ہیں، جسمانی طور پر معذور افراد کے لئے 3016 روپئے ماہانہ وظیفہ دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ کے سوا کسی اور ریاست میں سنگل ویمن(خواتین) کے لئے وظائف نہیں دئے جاتے۔سنگل خواتین کو معاوضہ دیا جانا ہی تو ترقی ہے۔اس کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چند افراد گجرات ماڈل کا ڈھنڈورا پیٹتے پھر رہے ہیں جس کی کوئی حقیقیت نہیں ہے۔گجرات کے لوگ ملازمت، بجلی ،پانی اور دیگر مسائل سے دو چار ہیں۔ وہاں کے لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں۔اگر ملک بھر میں کوئی ریاست ماڈل ہے تو وہ صرف اور صرف تلنگانہ ہے۔کیونکہ ریاست تلنگانہ میں پچھلے ساڑھے آٹھ سالوں سے مجموعی طور پر غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔
وزیرداخلہ محمد محمود علی نے پارٹی میں شامل کارکنان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ضابط اخلاف کے تحت خدمات انجام دیں۔پارٹی میں شامل ہونے والے ناصر خاں، سمیر شیخ اور اظہر شیخ نے کہا کہ مہاراشٹرا میں کسی بھی اسکیم پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ بالخصوص کسان طبقہ کافی پریشان ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں کسان خود کشی کررہے ہیں۔اس کے باوجود مہاراشٹرا حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:KCR Birthday وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ کے یوم پیدائش پر درگاہ یوسفین پر چادر پوشی
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا بالخصوص ناگپور ضلع کی عوام، بی آر ایس پارٹی کی پالیسی اور کے سی آر کی حکومت سے متاثر ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ مہاراشٹرا میں بھی بی آر ایس کی حکومت بنے تاکہ ریاست کی ترقی ممکن ہو۔اس موقع پر بی آر ایس سینیر قائد عارف الدین بھی موجود تھے۔