حیدرآباد: بحیثیت امت مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانوں کو اللہ کی طرف دعوت دیں، قرآن مجید عمدہ نصیحت اور حکمت کے ساتھ غیر مسلموں تک اسلام کی تعلیمات کو پہچانے کا حکم دیتا ہے، اسی کام کو دعوت دین کہتے ہیں۔ ملک کے موجودہ حالات میں جہاں ایک طرف مختلف مذاہب کے درمیان نفرت کو عام کیا جارہا ہے وہیں اسلام اور مسلمانوں سے متعلق غلط فہمیوں کو بڑے پیمانے پر پھیلایا جارہا ہے، اسلامی شعائر اور مسلمانوں کی عظیم ہستیوں کے خلاف نازیبا الفاظ اور غلط بیانی کی جارہی ہے۔ اس کی تازہ مثال حکمران جماعت کے ترجمان کی جانب سے نبیؐ شان میں گستاخی کا مسئلہ ہے، جس نے دنیا بھر میں بھارت کی شبیہ کو خراب کیا ہے۔ اس مسئلہ کی وجہ سے ایک طرف مسلمانوں کے جذبات کو تکلیف پہچائی گئی ہے اور دوسری طرف بڑے پیمانے پر نفرت اور غلط خبروں کو عام کیا گیا۔ ایسے میں ایس آئی او کا احساس ہے کہ اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے نبی کریمؐ کی سیرت کو عام کیا جائے اور بتایا جائے کہ نبیؐ کے بارے میں جتنا معلوم کیا جائے گا اتنا ہی ان سے محبت میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ اس مقصد کے تحت اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے قومی سطح پر ایک مہم کا آغاز کیا جس کا عنوان ہے Know Muhammad PBUH اس کے تحت مختلف طریقوں سے برادران وطن تک پہنچا جائے گا اور ان کے سامنے سیرتﷺ کی تعلیمات پیش کی جائے گی۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے مہم کا مقصد بتایا کہ اس مہم کے ذریعہ سے ہم غیر مسلم برادران وطن تک پہنچیں گے اور یہ بات بتائیں گے کہ نبی کریمؐ اللہ کے رسول ہیں اور انسانیت کے لیے نافع شخصیت ہیں، آپؐ کی تعلیمات زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران ہم Inspired by Muhammadکے عنوان سے سیرت کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی، نیز اسلام میں نبی کی اہمیت اور مقام کو واضح کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بالخصوس مسلم نوجوانوں میں دعوتی جذبہ کو ابھارنے کی کوشش کریں گے۔