حیدرآباد:تلنگانہ اور آندھراپردیش کی تمام مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں شب قدر کے سلسلے میں عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ دینی محافل میں مصروف رہے۔
علمائے کرام نے لیلتہ قدر و ماہ رمضان المبارک کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے ماہ صیام کے اس آخری عشرہ کی ہر گذرتی ہوئی ساعت سے استفادہ کرنے، اللہ سبحانہ تعالی کی پاک ذات اقدس کے سامنے سربسجود ہوکر اپنی مغفرت کے ساتھ ساتھ دنیا میں اسلام کے ایک مرتبہ پھر غلبہ و سربلندی کی دعا کرنے، دین متین پر خود کے مکمل طور پر کار بند ہونے، مرادوں، مناجات، دعاؤں میں اثر دینے اور ان کو قبولیت کا شرف بخشنے کے لیے مالک حقیقی کے سامنے گڑگڑانے کی تلقین کی۔ Shab-e-Qadr Observed in Telangana & AP
اس موقع پر مختلف مقاما ت پر ہوئے جلسہ ہائے شب قدر کے موقع پر مہمان او رمیزبان علما کرام اور عمائدین ملت نے خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ پرطاقوتی اور استعماری طاقتوں کے غلبہ کے انسداد، ان کے غلط شر انگیز ارادوں،منصوبوں،سازشوں اور ریشہ دوانیوں سے امت مظلومہ کو محفوظ رکھنے کی دعا مانگنے پر بھی زور دیا۔
شب قدرکے سلسلے میں باوقار اور روح پرور اجتماعات تلنگانہ کے دارالحکومت شہر حیدرآباد میں دیکھے گئے جہاں شب قدرکی مناسبت سے مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا۔حیدرآباد کے علاوہ دونوں ریاستوں کے اضلاع کی مساجد‘ خانقاہوں‘ زیارت گاہوں میں شب بیداری کی خاص تقاریب ہوئی جس میں بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوکر وسعت رزق‘ صحت و سلامتی اور مغفرت کی دعائیں بھی طلب کی گئیں۔
لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی اوردینی محافل و مجالس میں مصروف رہے۔ بڑے پیمانہ پر جلسے ہائے تلاش شب قدرمختلف تنظیموں کی جانب سے منعقد کئے گئے۔ ان روح پرور مجالس اور جلسوں میں لاکھوں افراد نے شرکت کرتے ہوئے استفادہ کیا۔ نامور علما کرام ومشائخین عظام نے فضیلت شب قدرپر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔